ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پاکستان نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی، 120ایم ایم کے مارٹر بم داغے

پاکستان نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی، 120ایم ایم کے مارٹر بم داغے

Tue, 04 Oct 2016 11:25:44    S.O. News Service

جموں3؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )پاکستانی فوجیوں نے آج دن میں چار بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی اور پونچھ ضلع میں کنٹرول لائن کے قریب پیشگی چوکیوں اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنا کر 120ایم ایم کے مارٹر بم داغے اور خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کی، جس کاہندوستانی فوجیوں نے معقول جواب دیا۔فائرنگ میں دو لوگوں کے معمولی طور پر زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔پاکستانی فوجیوں نے پونچھ ضلع کے شاہ پور، کرشناگٹی، منڈی اور سبزیاں سیکٹروں میں کنٹرول لائن کے قریب گولے داغے۔دفاعی ترجمان کرنل منیش مہتا نے کہا کہ پاکستانی فوجی پونچھ ضلع کے منڈی اور سبزیاں سیکٹروں میں آج دوپہر کے پونے دو بجے سے بلا اشتعال فائرنگ کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان لوگوں نے 120ایم ایم، 80ایم ایم کے مارٹر بم داغے اور خود کار اور چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔کرنل مہتا نے بتایا کہ اس سے پہلے پاکستانی فوجیوں نے پونچھ میں چھوٹے اور خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ اور مارٹر بم داغ کر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔انہوں نے کہا کہ دوسری طرف سے ہو رہی فائرنگ کا معقول اور کرارا جواب دیا گیا اور جنگ بندی کی خلاف ورزی جاری ہے۔

ایک پولیس افسر نے بتایا کہ فائرنگ صبح تقریبا پونے 11بجے شروع ہوئی اور شام تک جاری رہی۔حکام نے بتایا کہ اس سے پہلے رات کے قریب ایک بجے پاکستانی فوجیوں نے پونچھ ضلع کے کرشناگٹی سیکٹر میں مختصر فائرنگ کی تھی۔پونچھ کے ڈپٹی کمشنر محمد ہارون ملک نے کہا کہ سرحدی علاقوں سے مل رہی خبروں کے مطابق دو شہریوں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔پاکستان کی جانب سے آج اب تک چار بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی اور 28اور 29کی درمیانی رات کو ہندوستانی فوج کی طرف سے کئے سرجیکل اسٹرائک کے بعد دسویں بار ایسا کیا گیا۔پاکستان کی جانب سے کل شام جموں ضلع کے پللنوالا پیشگی علاقوں میں فائرنگ کی گئی تھی۔یکم اکتوبر کو اسی سیکٹر میں چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کے درمیان پاکستانی فوجیوں نے ہندوستانی چوکیوں اور رہائشی علاقوں میں مارٹر بم داغے۔اس سے پہلے 30ستمبر کو پاکستانی فوجیوں نے جموں ضلع کے اکھنور سیکٹر کے پلنوالا، چھپریال اور سمنام علاقوں میں کنٹرول لائن پر چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔اس کے ایک دن پہلے پاکستان کے فوجیوں نے منڈھیر سیکٹر کے بلنوی علاقے میں فائرنگ کی۔پاک فوج نے 28ستمبر کو پونچھ ضلع کے سبزیاں علاقے میں ہندوستانی چوکیوں پر فائرنگ کرکے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی تھی۔اس ماہ کے شروعات میں بھی پاکستانی فوج نے مختلف سیکٹروں میں ہندوستانی چوکیوں پر فائرنگ کرکے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی تھی۔گزشتہ سال پاکستان کی جانب سے 405بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی تھی۔ان واقعات میں 16شہریوں کی موت ہو گئی تھی اور 71افراد زخمی ہوئے تھے۔


Share: